ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کا رجسٹری برانچ کا دورہ، سائلین سے تجاویز طلب کیں

73

ڈیرہ غازی خان ۔ 30 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے رجسٹری برانچ کادورہ کر کے شہریوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر عثمان فاروق، اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کورائی اور رجسٹرار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے رجسٹری برانچ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، شہریوں سے ملاقات کی اور عملے سے رجسٹری کے معاملات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے برانچ میں موجود سائلین سے تجاویز بھی طلب کیں تاکہ خدمات میں بہتری لائی جا سکے۔

دورہ کے دوران رجسٹری برانچ میں غیر متعلقہ افراد کی موجودگی پر ڈپٹی کمشنر نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ آئندہ صرف متعلقہ افراد کو ہی بلایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر متعلقہ افراد کی برانچ میں موجودگی کی صورت میں متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ رجسٹری برانچ سمیت تمام سرکاری دفاتر میں عوام کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے جائیداد کی منتقلی اور دیگر سرکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیر کو ناقابل برداشت قرار دیا اور کہا کہ تمام ادارے شہریوں کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔