ڈیرہ غازی خان۔ 21 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ شہر کے سوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں،عوامی شکایات کے ازالے کے لیے انتظامیہ متحرک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ سکندر روڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی،
ڈی ڈی ڈویلپمنٹ امیر مسلم،ایم او آئی غلام قنبر ودیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مین شاہراہ سے نکاسی آب کو فوری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سوریج لائنوں سے کچرے اور ملبے کو نکالنے کے لیے ونچ مشینوں کی تعداد بڑھائی جائے،سیوریج لائنیں خراب ہوں تو نئی پائپ لائنیں بچھائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک روانی کے پیش نظر کام جلد مکمل کیا جائے کیونکہ سیوریج کے مسائل سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے جنہیں فوری طور پر حل کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹریکٹر فیکٹری کے نزدیک نجی تعمیراتی کمپنی کے اسفالٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کو پلانٹ کی ورکنگ،مانیٹرنگ بارے بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پلانٹ کے تعمیراتی مرحلے میں معیاری مواد کا استعمال کیا جائے اور استعمال شدہ مواد کے ٹیسٹ کروائے جائیں گے،ناقص ٹیسٹ رپورٹ پر ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔