بھکر۔ 06 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے جھنگ بھکر روڈ پر میڈینز پر کیے جانے والے پینٹ اور تزئین و آرائش کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس دوران انہوں نے کام کے معیار کو یقینی بنانے اور مقررہ وقت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ استعمال ہونے والے مواد کا معیار اعلیٰ ہو اور رنگ و روغن ایسا ہو جو دیرپا ثابت ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھنگ بھکر روڈ جیسے اہم اور معروف روڈ پر خوبصورتی میں اضافہ نہ صرف شہریوں کے لیے خوشگوار ماحول پیدا کرے گا بلکہ یہ ٹریفک کی بہتر روانی اور حادثات کی روک تھام میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
معائنہ کے دوران انہوں نے صفائی اور دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ عوامی مقامات کی دیکھ بھال کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔