فیصل آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر دھوبی گھاٹ مرکزی جلوس کے مقام کا دورہ کیا۔ انہوں نے میونسپل لائبریری کی چھت سے جلوس کی نگرانی کی اور جلوس کی آمد و رفت، سکیورٹی پوائنٹس اور شرکاء کی نقل و حرکت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، میونسپل کارپوریشن، واسا، ہیلتھ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام ادارے مکمل الرٹ اور متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے عاشورہ جلوس کے اطراف سکیورٹی کے تمام پہلوؤں کا ہر زاویے سے جائزہ لیا۔ انہوں نے جلوس منتظمین سے ملاقات بھی کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکیورٹی اہلکارمکمل الرٹ رہے اور شرکاء کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے فول پروف سکیورٹی اور مؤثر میڈیکل پلان تشکیل دیا جس کے تحت ایمبولینسز، فسٹ ایڈ ٹیمیں اور میڈیکل سٹاف مسلسل موجود رہا۔ ڈپٹی کمشنر نے جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے پر تمام متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ آئندہ بھی امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر نے محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سیف سٹی فیصل آباد کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر) طیب سمیع اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم بھی ان کے ہمراہ تھے۔سیف سٹی سنٹر میں موجود جدید نگرانی کے نظام کے تحت عاشورہ کے جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کی گئی۔ جلوسوں کے تمام اہم راستوں، داخلی و خارجی راستوں اور مرکزی مقامات پر نصب کیمروں کے ذریعے سکیورٹی صورتحال کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے سیف سٹی آپریٹرز کو مکمل الرٹ رہنے اور مشتبہ سرگرمی پر نظر رکھنے کے کام کوسراہا۔