ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر نے ”یو این او پی ایس “ کی جانب سے عطیہ کردہ موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیب کی سہولیات کا جائزہ لیا

79
ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر نے ”یو این او پی ایس “ کی جانب سے عطیہ کردہ موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیب کی سہولیات کا جائزہ لیا

کوہستان اپر۔ 1 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر طارق علی خان نے یو این او پی ایس اور کے او آئی سی اے کی جانب سے عطیہ کردہ موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیب کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران انہوں نے موبائل لیب کی تنصیب پر کام کرنے والے تمام عملہ کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ لیب انچارج نے موبائل لیب کے ذریعہ ڈپٹی کمشنر سیکرٹریٹ میں استعمال ہونے والے پانی کا تجزیہ کیا جو پینے کےلئے استعمال ہوتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی خان نے جدید سہولیات کی فراہمی اور عوام کی صحت کو یقینی بنانے کےلئے کئے گئے ان اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ صاف پانی کی دستیابی ہر شہری کا بنیادی حق ہے،

یہ اقدام وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے مشن کا حصہ ہے۔ موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیب مختلف علاقوں کے پانی کے معیار کا تجزیہ کرے گی تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ لیب ایک ہفتہ تک کوہستان اپر میں موجود رہے گی اور علاقہ کے مختلف مقامات سے پانی کے نمونے لےکر ان کا تجزیہ کرے گی تاکہ صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔