کوئٹہ۔ 18 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ڈی ایچ او آفس تربت میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا ۔افتتاحی تقریب میں ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالروف بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالعزیز بلوچ، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایم ڈاکٹر منیر احمد رند، ڈبلیو ایچ او کے سرویلنس آفیسر ڈاکٹر میر ارسلان اور محکمہ صحت کے دیگر افسران شریک تھے ۔ اس موقع پر ڈی سی کیچ نے کہا کہ ضلع کیچ کے تمام پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ۔ضلعی صحت آفیسر ڈاکٹر عبدالروف بلوچ نے کہا کہ پولیو سے نجات کا واحد راستہ مسلسل اور مکمل ویکسینیشن ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر میر ارسلان نے بتایا کہ جاری مہم کے دوران 93,667 بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے اس مقصد کے لیے 392 موبائل ٹیمیں، 88 مستقل سینٹرز اور 11 ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں ۔واضع رہے کہ ضلع کیچ میں دیگر اضلاع کی طرح 21 اپریل سے 26 اپریل 2025 تک پانچ روزہ انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی جس میں تربت، بلیدہ، دشت اور تمپ کی شہری و دیہی آبادی کو 81 ایریا انچارج اور 41 سپروائزر کی نگرانی میں کور کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584150