راولپنڈی۔18فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی زیرِ صدارت ڈینگی مہم کے مانیٹرنگ پلان کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کا مقصد ڈینگی کی روک تھام کے لیے جاری مہم کی مؤثر نگرانی اور داخلی مانیٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انٹرنل مانیٹرز کی مکمل معلومات حاصل کی جائیں اور مہم کو مؤثر طریقے سے مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور عوامی آگاہی مہم کو تیز کیا جائے تاکہ ڈینگی کے کیسز میں مزید کمی لائی جا سکے۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور ڈینگی مہم کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔