ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا

139
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا

بہاولنگر ۔ 23نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ظہور حسین اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر،سی ای او ہیلتھ سمیت ڈبلیو ایچ او، یونیسیف کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

پولیو مہم کے حوالے سے تیاریوں پر ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بہاول نگر میں پانچ سال تک کی عمر کے(585468) پانچ لاکھ پچاسی ہزار چار سو اٹھسٹھ بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین دی جائے گی ۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2786ٹیمیں فرائض سر انجام دیں گی جن میں 136فکس ، 2562موبائل اور 88ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور محنت کی جائے،پولیو ٹریننگ کے دوران بہتر ورکنگ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے،

پولیو مہم سے قبل ہی گزشتہ مہم میں ناقص کارکردگی والوں کو متنبہ کیا جائے،الائیڈ محکمے انسداد پولیو مہم میں محکمہ ہیلتھ کا بھرپور ساتھ دیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس مہم کی نگرانی کریں گے اور تمام انتظامی مشینری سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں مصروف رہیں گے۔کیونکہ پولیو سے پاک بہاولنگر ان کی ترجیحات میں سے ایک ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیمز کی سیکیورٹی ، مائیکرو پلانز کی تیاری، توثیق (ڈیسک ،فیلڈ) اور اعداد و شمار کی جوابی توثیق پر زور دیا اور کہا کہ پولیو قومی مفاد کی مہم ہے ۔ اس میں کسی قسم کی سستی و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحد ہوکر کام کرنےضرورت ہے۔