ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ

6
Necessary items

چشتیاں ۔ 21 جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور گراں فروشی کی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس مجسٹریٹس، مارکیٹ کمیٹی کے افسران، متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں، روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں، ریٹ لسٹ کی چیکنگ کریں اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائیں۔اجلاس کے دوران مختلف اشیاء کی موجودہ قیمتوں، سپلائی چین، منافع خوری اور صارفین کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے نرخ ناموں پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔