ایبٹ آباد۔ 28 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ہری پور نے خانپور ڈیم پر کشتی رانی کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔ جمعرات کو جاری اعلامیے کے مطابق ڈپٹی کمشنر ہری پور شوزب عباس نے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت خانپور ڈیم پر کشتی رانی کی تمام سرگرمیوں پر پابندی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ اسسٹنٹ کمشنر خانپور اور ڈی ایس پی خانپور کی جانب سے دی گئی درخواست کے بعد کیا گیا جس میں کشتی مالکان کے درمیان تنازعات کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے خدشے کا اظہار کیا گیا تھا۔
عوامی مفاد اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے یہ پابندی 30 دن کے لیے عائد کی گئی ہے جو ایک ماہ تک مؤثر رہے گی۔اس دوران حکم کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔