ڈپٹی کمشنر ہری پور کی زیر صدارت بڑے پیمانے پر صفائی مہم کے آغاز کے حوالے سے اجلاس

92

ہری پور۔ 08 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ہری پور نے بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا آغاز کرنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ہری پور شوذب عباس کی زیر صدارت ضلع میں صفائی کی جامع مہم کے آغاز کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل میونسپل آفیسرز اور لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ہری پور نے ضلع میں صفائی ستھرائی کے اہم مسائل پر روشنی ڈالی اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ صفائی مہم کو مکمل اور موثر طریقے سے چلایا جائے۔

اگلے ہفتے شروع ہونے والی اس مہم کا مقصد تمام دیہی اور شہری علاقوں بشمول اندرون شہر، اہم شاہراہوں اور لنک سڑکوں کی صفائی کرنا ہے۔ مہم کا بنیادی مقصد ہری پور کو صفائی اور حفظان صحت کے ماڈل میں تبدیل کرنا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے، ضلعی انتظامیہ متعلقہ افسران اور مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صاف اور صحت مند ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ جس کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز کریں گے۔