25.5 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومکھیل کی خبریںڈچ ہاکی لیجنڈ بوویلینڈر کا اسلام آباد میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے...

ڈچ ہاکی لیجنڈ بوویلینڈر کا اسلام آباد میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ کیمپ

- Advertisement -

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):ڈچ فیلڈ ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی فلورس یان بوویلینڈر نے اسلام آباد میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خصوصی ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کیا۔ یہ ایونٹ خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی، نیدرلینڈز کے سفارتخانے اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوا ۔کیمپ ڈچ کنگز ڈے کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیا گیا ۔ بوویلینڈر نے کیمپ کوکھیل کے ذریعے روابط مضبوط کرنے کا موقع قرار دیا۔

بوویلینڈر جنھوں نے نیدرلینڈز کی 1990ء کے ورلڈ کپ جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا ، نےاسلام آباد اور راولپنڈی کے کے کلبوں کے کھلاڑیوں کو جدید پنالٹی کارنر تکنیکوں، کھیل کی حکمت عملی اور اٹیکنگ سٹرٹیجیز کی تربیت دی۔ بوویلینڈر نے کہا کہ پاکستان ہاکی کی روایت دنیا بھر میں مشہور ہے، یہاں آ کر نوجوان کھلاڑیوں کا جذبہ دیکھنا ایک خاص تجربہ ہے، ان میں قدرتی صلاحیت موجود ہے، درست تربیت اور بین الاقوامی ایکسپوژر سے پاکستان ہاکی کو دوبارہ بلندیوں پر لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ مسلسل سیکھتے رہیں، نظم و ضبط اپنائیں اور کھیل سے لطف اندوز ہوں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ اہم ہے لیکن محنت اور سمارٹ ٹریننگ ہی کامیابی کی کنجی ہیں۔ بوویلینڈر جو جنوبی ایشیا میں مختلف ہاکی ڈویلپمنٹ منصوبوں میں کام کرچکے ہیں، نے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیت کو حوصلہ افزاء قرار دیا اور کہا کہ صحیح ڈھانچے کی تعمیر، کوچنگ سہولیات کی بہتری اور باقاعدہ مقابلوں کے انعقاد سے کھلاڑی قدم بہ قدم ترقی کر سکتے ہیں۔ اس سیشن میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سابق اولمپیئنز، قومی ٹیم کے اراکین، کوچز، سپورٹس آفیشلز اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔ پاکستان میں نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی ویریس نے کہا کہ کھیل لوگوں کو جوڑتے ہیں اورتعاون کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کھیلوں کو معاشرتی ترقی اور مساوات کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے امید ظاہر کی کہ بوویلینڈر کا دورہ مستقبل میں مزید بین الاقوامی تعاون کے راستے کھولے گا۔ انہوں نے کہا حکومت نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کھیل اور زندگی دونوں میں مواقع پیدا کرنے کے لیے روابط بنا رہی ہے۔

بوویلینڈر کے دورے کو پاکستان میں ہاکی کی بحالی کی کوششوں کے لیے ایک اچھا شگون قرار دیا۔انہوں نے کہا ہم پاکستان ہاکی کی عظمت کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بوویلینڈر جیسے عظیم کھلاڑی کا ہمارے نوجوانوں کو تربیت دینا ایک بڑی پیش رفت ہے۔ خواجہ جنید نے نیدرلینڈز کے سفارتخانے اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ کھیلوں کے ذریعے اقوام کے درمیان دوستی اور تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

بوویلینڈر اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم آفس اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور گراس روٹ ڈویلپمنٹ اور انفراسٹرکچر بہتری پر تبادلہ خیال کریں گے۔ان کے ہمراہ نیدرلینڈز میں مقیم سابق پاکستانی ویمن فٹ بالر کائنات بخاری بھی موجود ہیں جو خواتین کی کھیلوں میں شمولیت کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589200

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں