اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات، صنعتوں سے مضبوط روابط اور پالیسیوں پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ملک کی صنعتی ترقی کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان کی توانائی کی ترجیحات اور طویل مدتی معاشی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ڈھانچہ جاتی اصلاحات، پالیسیوں پر تیز ی سے عملدرآمد اور صنعتوں سے مضبوط روابط کےلئےحکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور اپ سٹریم ایکسپلوریشن، پائپ لائن کی ترقی اور ڈائون سٹریم پروسیسنگ میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع کا خاکہ پیش کیا جو ماحول دوست توانائی کی جانب عالمی رجحان سے ہم آہنگ ہیں۔ علی پرویز ملک نے حالیہ غیرملکی سرمایہ کاری سے متعلق کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا جن کے تحت معدنیات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔
ان اقدامات کا مقصد ملک کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لانا، برآمدات میں اضافہ اور صنعتی تنوع کو فروغ دینا ہے۔او آئی سی سی آئی کے صدر اور فیصل بینک کے سی ای او یوسف حسین نے پالیسی میں تسلسل، تکنیکی بنیادوں پر عملدرآمد اور مشترکہ و مربوط حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، او آئی سی سی آئی اور صنعت کے درمیان پالیسی سازی اور عملدرآمد دونوں میں قریبی تعاون اور شراکت داری نہایت ضروری ہے تاکہ مثبت نتائج حاصل کیے جا سکے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603221