لاہور۔5جولائی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شفاف،جوابدہ اور مضبوط معیشت کا سنگ بنیاد ہے۔ ہفتہ کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ٹولز اور ٹیکنالوجیز کو اپنا کر مالیاتی لین دین میں شفافیت، بدعنوانی کے خاتمے اور کاروباری آسانیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے، حکومت کو تمام شعبوں خصوصا ٹیکس، تجارت اور صنعت میں ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینا چاہیے تاکہ غیر رسمی کاروبار کو قانونی اور دستاویزی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت سے مقامی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ ملتا ہے جو اقتصادی و پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ریئل ٹائم ڈیٹا اکٹھا کرکے اس کا تجزیہ کیا جا سکتا اور اسے بہتر پالیسی سازی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ٹیکس وصولیوں میں بھی اضافہ ہو گا اور موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ ڈالے بغیر ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ای کامرس کے ضوابط کے حوالے سے حالیہ حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں لیکن انہیں تمام شعبوں میں فوری نافذ کیا جائے۔