اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی بڑی کامیابی اور ڈیجیٹل تعاون میں قائدانہ کردار کے اعتراف میں پاکستان کو ڈیجیٹل تعاون کونسل (ڈی سی او )کی 2026 میں صدارت اور 2025 میں ایگزیکٹو کمیٹی کی نشست مل گئی۔ اردن کے وزیر برائے ڈیجیٹل معیشت و کاروبار سامی سمیراط نے پاکستان کی صدارت کا اعلان کیا ۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ اردن میں ڈی سی او کی چوتھی جنرل اسمبلی میں شرکت کر رہی ہیں۔
بدھ کو وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق ڈیجیٹل تعاون میں پاکستان کے قائدانہ کردار کے اعتراف میں پاکستان کو ڈی سی او ایگزیکٹو کمیٹی میں نشست مل گئی۔ وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے ڈیجیٹل ترقی کے عالمی منظرنامہ میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی اور ڈی سی او جنرل اسمبلی میں بھرپور شرکت کی ۔ انہوں نے ڈی سی او جنرل اسمبلی سے خطاب میں پاکستان کی ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں پاکستان عالمی قیادت کے لئے تیار ہے ، ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کی قیادت پاکستان کرے گا ۔ڈی سی او، پاکستان اور عالمی اقتصادی فورم کے اشتراک سے ڈیجیٹل ایف ڈی آئی انیشی ایٹو کا آغاز اپریل 2025 میں ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی حکمت عملی بین الاقوامی سطح پر اجاگر کی اور ڈیجیٹل انقلاب میں پاکستان کے کلیدی کردار اور عالمی شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی او میں پاکستان کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ ڈیجیٹل ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں پاکستان کی قیادت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔