اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ کمیشن ڈیجیٹل مارکیٹس سے متعلق بل کا مسودہ تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں کمپٹیشن کمیشن ہیڈکوارٹرز کے دورے پر جاپان کی کنزیومر افیئر ایجنسی کی کمشنر یوتاکا آرائی سے ملاقات کے دوران کہی۔ چیئرمین ڈاکٹر احمد سدھو کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل مارکیٹس سے متعلق قانون سازی وقت کا تقاضا ہے، برطانیہ، امریکہ، روس جیسے ممالک میں بھی ایسے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں۔چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کمشنر یوتاکا آرائی کو کمیشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کمپٹیشن کمیشن نے پاکستان میں ڈیجیٹل مارکیٹس اور ڈیجیٹل سروسز کے مسابقتی تجزیے کے لیے تحقیق کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں مسابقت، معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے ڈیجیٹل مارکیٹس اور ان کی پیش کردہ خدمات کے اثرات کا جائزہ لینا ہے۔اس موقع پر کمشنر یوتاکا آرائی نے کہا کہ جاپان کو بھی ڈیجیٹل مارکیٹس کی نگرانی کے حوالے سے اسی نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاپانی حکومت بھی ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی تیاری میں مصروف ہے۔ کمشنر یوتاکا آرائی نے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کو جاپان کے ای کامرس سیکٹر کے لیے حکومتی اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس پر چیئرمین نے کہا کہ پاکستان میں ای کامرس کا شعبہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں ای کامرس شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان ان چیلنجز سے نمٹنے اور صارفین کے تحفظ کے لیے جاپان کی کنزیومر افیئرز ایجنسی کے تجربات سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589879