ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن 2030 تک پاکستان کی اقتصادی ترقی میں 9.7کھرب روپے کاسالانہ اضافہ کر سکتی ہے ،رپورٹ

105
Penalty to Google
Penalty to Google

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل اورپاشا نے اپنی ایک حالیہ مشترکہ رپورٹ میں وثوق کے ساتھ کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سال 2030 تک پاکستان کی اقتصادی ترقی میں 9.7کھرب روپے(59.7 ارب امریکی ڈالر)کاسالانہ اضافہ کر سکتی ہے جو سنہ 2020ء میں ملک کی مجموعی پیداوار کے 19 فیصد کے برابر ہے۔”اَن لاکنگ پاکستان ڈیجیٹل پوٹینشل“ کے عنوان سے جاری کردہ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ملک 300,000سے زائد آئی ٹی پروفیشنلز کا مرکز ہے جو سالانہ25,000 سے زائدآئی ٹی گریجویٹس پیدا کرتا ہے اور 2010ء سے 700سے زائدٹیک اسٹارٹ اپس کی تربیت کرچکاہے۔ 2020 سے ٹیکنالوجی کی برآمدات میں پندرہ فیصدسالانہ کی شرح سے اضافہ ہور ہاہے اور توقع ہے کہ سنہ 2022ء میں یہ برآمدات610,750,000,000روپے(3.5 ارب امریکی ڈالر)تک پہنچ جائیں گی۔

پاکستان میں 2021 میں انٹرنیٹ کے استعمال کی شرح میں 54 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ان متعدد کامیابیوں کے باوجود پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اپنے سفر میں مزید آگے جا سکتا ہے۔یہ رپورٹ الفا بیٹا (AlphaBeta)کے اکنامسٹس نے تیار کی ہے جس میں تین اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جنھیں پاکستان کوترقی کے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ ان اقدامات میں مقامی ٹیک ایکوسسٹم کی مدد کے لیے انفراسٹرکچر کو ترقی دینا، آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات کیلئے سازگار ماحول کی تخلیق جاری رکھنا اور ملک میں جدت اور ڈیجیٹل اسکلز کو فروغ دینا شامل ہیں۔

کاروباری اداروں، کارکنان اور پاکستان کی نمایاں اقتصادی ترقی کے لیے آٹھ اہم ٹیکنالوجیز میں ٹرانسفارمیشن کی گنجائش موجودہے۔ ان میں موبائل انٹرنیٹ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، بگ ڈیٹا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس(AI)، فن ٹیک(Fintech)، انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)، ریموٹ سینسنگ، ایڈوانسڈ روبوٹکس اور ایڈیٹو مینوفیکچرنگ شامل ہیں۔اس بارے میں گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ وبا کے باعث پیش آنے والی اِن رْکاوٹوں کےباوجودپاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کا مستقبل روشن ہے۔گوگل کے کنٹری ڈائریکٹرنے مزید کہاکہ کووڈ19 کی وبا کے طویل المیعاد اثرات سے نمٹنے اوردیرپا لچک اور ترقی کی غرض سے پاکستان کے لیے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن نہایت اہم ہے۔

گوگل میں ہمارا مقصدپاکستانیو ں کو کارآمد پروڈکٹس اور ٹولز،تکنیکی معلومات اور آن لائن سیفٹی اسکلز فراہم کرنا ہے۔مزیدپیش رفت کرتے ہوئے ہم پاشا جیسے پارٹنرز اور متعدد سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو حاصل کر سکیں۔ پاکستان سافٹ ویر ہاؤس آسوسییشن کے چیرمین بدرخوشنود نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیااور کہا کہ پاشا کئی ہزار ٹیکنالوجی کمپنیز کی نمائندگی کرتا ہے، جن کا ڈیجیٹل پاکستان میں کلیدی کردار ہے۔ہماری انڈسٹری نے پچھلے کُچھ سالوں میں شاندار کارگردگی کا مُظاہرہ کیا ہے، اور ہم اسے نئی بلندیوں پر لے کر جانے کے لیے پُرعزم ہے۔

پاشا کا نطریہ پاکستان میں آئی ٹی کا لوہامنواناہے۔ اپنے نظریہ سے جُڑے رہنے کے لیے ہم انڈسٹری کی روایات کو مُقدم رکھتے ہیں۔ پچھلی دو دہائیوں سے پاشا پالیسی سازی، ایکوسسٹم کو ساز گار بنانااورتٖفصیلی تحقیق کے ذریعے اپنا ایک مُقام بنانے میں کامیاب ہواہے۔ ایونٹ میں شریک گوگل ڈیویلپر اسٹوڈنٹ کلب (GDSC)کی سابق لیڈ اور ایفینٹی (Afiniti) کی جونیئر ڈیٹا سائنٹسٹ کرنزا مؤمن نے پاکستا ن میں ڈیویلپر کمیونٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کے لیے گوگل کی کوششوں کے طور پر ہمارے پاس گوگل ڈیویلپر اسٹوڈنٹ کلبز، گوگل ڈیویلپر گروپس، ویمن ٹیک میکرز اور گوگل ڈیویلپر ایکسپرٹس جیسے پلیٹ فارمزموجود ہیں۔

ان پروگراموں نے مجھے اور مجھ جیسے دیگر افراد کو اس قابل بنایا ہے کہ ہم پاکستان اور دنیا بھر میں انڈسٹری کے ماہرین سے بات کرسکیں جنھوں نے ہمارے لیے ایسے راستے کھولے ہیں جن پر چل کر ہم سیکھ سکتے ہیں۔پاکستان حقیقی معنوں میں خود کو اسٹارٹ اپس اور جد ت کے ذریعے ایسی پوزیشن میں لا سکتا ہے کہ وہ اقتصادی خوشحالی کو تقویت دے سکے جبکہ گوگل اور پاشا کی جانب سے ایسی کوششیں اس منزل کو ایک قدم اورقریب لا رہی ہیں۔

فرحان قریشی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہاکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے مؤثر ہونے کے لیے اسے شمولیتی بھی ہونا چاہیے۔یہ بات لازم ہے کہ ڈیجیٹل ٹریننگ کے مواقع تک کم نمائندگی والی کمیونٹیز اور کمزور گروپس کی بھی رسائی ہو۔ ہم نے حال ہی میں نیشنل رْورل سپورٹ پروگرام (NRSP) کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو آن لائن سیفٹی اسکلز اور ڈیجیٹل خواندگی فراہم کی ہے اور محض دوماہ کے عرصے میں 1,000سے زائد اسٹوڈنٹس تک رسائی حاصل کی ہے۔