ڈیجیٹل پاکستان وژن اصل میں ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کا اہم سنگ میل ہے، موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ، وزیراعظم عمران خان کا جاز اور یوفون کو دیئے گئے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن اصل میں ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کا اہم سنگ میل ہے، موجودہ حکومت نہ صرف عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے بلکہ قرضوں اور معاشی مسائل میں گھری مملکت کو استحکام دینے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ …

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن اصل میں ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کا اہم سنگ میل ہے، موجودہ حکومت نہ صرف عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے بلکہ قرضوں اور معاشی مسائل میں گھری مملکت کو استحکام دینے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت یونیورسل سروس فنڈ کی جانب سے جاز اور یوفون کو دیئے گئے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ معاہدے پر یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث محمود چوہدری، یوفون کے سی ای او راشد خان اور جاز کے سربراہ عامر ابراہیم نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سیّد امین الحق، سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور یو ایس ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے اب تک کئے جانے والے اقدامات اطمینان بخش ہیں تاہم ہمیں ٹیکنالوجی کی اس دوڑ میں خود کو بنائے رکھنے کیلئے انتھک محنت کرنا ہو گی۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سیّد امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک بہترین وژن دیتے ہوئے وزارت آئی ٹی پر اعتماد کیا، ہم تمام تر مشکلات، اور مسائل کے باوجود ان کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے بھرپور کوششیں کرتے رہیں گے اور باتیں نہیں بلکہ کام ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ارب 28 کروڑ کے اس منصوبے کے تحت جاز نیٹ ورک، سندھ کے اضلاع خیرپور، سکھر، گھوٹکی اور بلوچستان میں کچھی، جھل مگسی، زیارت اور قلات ڈویڑن میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز پہنچانے کی ذمہ دار ہوں گی، سید امین الحق نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے ان اضلاع اور اطراف کے گیارہ سو 46 پسماندہ دیہاتوں اور مضافات کے 24 لاکھ افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ سروس میسر آسکے گی۔ اس طرح 34 ہزار 660 مربع کلومیٹر کا وسیع علاقہ مستفید ہوسکے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر وزیراعظم اسی طرح ہمیں ٹائم دیتے رہیں تو ہم انھیں یقین دلاتے ہیں کہ ہر ماہ یو ایس ایف کی جانب سے عوامی سہولیات کا ایک پراجیکٹ ہم پیش کرتے رہیں گے۔ تقریب سے اپنے خطاب میں چیئرمین یو ایس ایف بورڈ اور سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ یونیورسل سروس فنڈ اپنے قیام کے مقاصد کو بھرپور طریقے سے پورا کر رہی ہے خاص طور پر گذشتہ 2 برسوں کے دوران یو ایس ایف نے پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک براڈ بینڈ و موبائل سروسز پہنچانے کیلئے نمایاں کام کئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یو ایس ایف کے نومنتخب چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری کی قیادت میں ادارہ اپنے سارے سنگ میل تیزی سے عبور کرے گا۔