پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال ، یونیورسٹی آف سرگودھا میں خصوصی تقریبات کا انعقاد
پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال ، یونیورسٹی آف سرگودھا میں خصوصی تقریبات کا انعقاد

مزید خبریں
سرگودھا۔ 01 ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یونیورسٹی آف سرگودھا میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک چین دوستی، تعلیمی و ثقافتی روابط اور مستقبل کے امکانات کو اجاگر کیا گیا۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ مرکزی تقریب میں چین کے قونصل جنرل لاہور سن یان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے ہمراہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔
تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام پاک چین دوستی کے موضوع پر فن پاروں کی نمائش بھی منعقد کی گئی، جس کا افتتاح چینی قونصل جنرل نے کیا۔ نمائش میں چینی ثقافت اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوستانہ تعلقات کو فن کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر ’’پاک چین 75 سالہ تعلقات کا سفر اور مشترکہ مستقبل کی پیش بندی‘‘ کے موضوع پر کانفرنس بھی ہوئی، جس کا آغاز پاکستان اور چین کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ پاک چین تعلقات کے 75 سالہ سفر نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، تعاون، بھائی چارے اور ثقافتی تبادلے کو مزید مضبوط کیا ہے۔دونوں ممالک مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جو ان کے تعلقات کی گہرائی کا مظہر ہے۔انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان طلبہ کے تبادلوں میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مستقبل کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام جاری رکھنا ہوگا۔انہوں نے پاک چین دوستی کو خطے میں امن، ترقی اور باہمی اعتماد کی روشن مثال قرار دیا اور تعلیمی روابط کے فروغ کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا کی کاوشوں کو سراہا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی بنیاد محض معاشی مفادات پر نہیں بلکہ باہمی احترام، دوستی اور عوامی محبت پر قائم ہے۔
سرگودھا یونیورسٹی چینی جامعات کے ساتھ تعلیمی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ دونوں ممالک مشترکہ مستقبل کے اہداف حاصل کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی زبان کی ترویج پاک چین عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے، اسی لیے یونیورسٹی کنفیوشئس انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے چینی زبان کی تعلیم کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی جامعات کے ساتھ تعلیم، صنعت اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ سرگودھا یونیورسٹی چین میں اپنا کیمپس قائم کرنے کے ساتھ چینی تعاون سے جدید ہسپتال، بین الاقوامی بورڈنگ سکول، سٹرس ویلیو ایڈیشن اور کیٹل فارمنگ سمیت مختلف منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے، جن سے مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات سے لے کر مشترکہ مستقبل تک 75 سالہ سفر کا جائزہ پیش کیا اور پاک چین تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا میں قائم کنفیوشئس انسٹیٹیوٹ اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں چائنیز ایمبیسیڈر سکالرشپ کے چیکس تقسیم کیے گئے جبکہ پاک چین یوتھ سمر کیمپ کے حوالے سے تیار کی گئی خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ وائس چانسلر نے چینی قونصل جنرل کو سووینئر پیش کیا۔چینی قونصل جنرل نے پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں پی ایچ ای سی کوئز اور مضمون نویسی مقابلے کا افتتاح کیا اور چائنہ ریسورس لاؤنج کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی ہسٹری وال کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے تاثرات قلمبند کیے اور مختلف سہولیات کا دورہ بھی کیا۔








