گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مینارٹیز رائٹس ڈیفنڈر فورم کے وفد نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی،جس میں اقلیتوں کے حقوق، خواتین کو بااختیار بنانے، سیاسی نمائندگی، نوجوانوں کی شمولیت اور سماجی شمولیت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا سے مینارٹیز رائٹس ڈیفنڈر فورم کے وفد کی ملاقات، اقلیتوں کے حقوق، خواتین کو بااختیار بنانے سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال

مزید خبریں
پشاور۔ 01 ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مینارٹیز رائٹس ڈیفنڈر فورم کے وفد نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی،جس میں اقلیتوں کے حقوق، خواتین کو بااختیار بنانے، سیاسی نمائندگی، نوجوانوں کی شمولیت اور سماجی شمولیت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق وفد نے گورنر کو تعلیم کے فروغ اور پسماندہ و محروم طبقات اور ریاستی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے حوالہ سے اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔وفد نے سیاسی اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین اور اقلیتوں کوزیادہ موثر نمائندگی دینے اور اقلیتوں کے لیے مختص کوٹے کو کم از کم 5 فیصد تک بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی۔
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اقلیتوں، خواتین اور دیگر محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ اور ان کی نمائندگی کے لیے صف اول رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور اقلیتوں کو مساوی مواقع اور فیصلہ سازی کے عمل میں بامعنی نمائندگی دینا سماجی ہم آہنگی، جمہوریت کے استحکام اور قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔وفد نے اقلیتی برادری کے لئے پیپلز پارٹی کی قیادت اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے کردار کو سراہا۔








