ڈیجیٹل پاکستان وژن کے لیے مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کا کردار کلیدی ہے، وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ

151
Shaza Fatima Khawaja
Shaza Fatima Khawaja

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے مقامی سطح پر تیار کردہ اسمارٹ فون اور ملکی ٹیلنٹ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے لیے مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کا کردار کلیدی ہے۔

جمعہ کووزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق پریمیئر کوڈ کے سی ای او سید محمد نقی نے وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کو پاکستان کا پہلا مقامی طور پر ڈیزائن کردہ اسمارٹ فون DCODE Cygnal 4 Pro پیش کیا۔اس موبائل کا ڈیزائن جنوبی پنجاب کی کاشی کاری سے متاثر ہے۔اس موبائل فون میں سب سے زیادہ مقامی اجزاء بیک کور، یو ایس بی کیبل، چارجر ہاؤسنگ، اور پیکجنگ شامل ہیں ۔

وفاقی وزیر نےمقامی سطح پر تیار کردہ اسمارٹ فون کو سراہتے ہوئے ملکی ٹیلنٹ پر فخر کا اظہار کیااورہارڈویئر و سافٹ ویئر کی مقامی تیاری بڑھانے کے عزم کا خیرمقدم کیا۔شزا فاطمہ نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے لیے مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کا کردار کلیدی ہے۔