ڈیرہ اسماعیل خان،بیوی اور آشنا کو قتل کرنے پر شوہر کو 53 سال قید اور جرمانہ کی سزا

104

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 01 نومبر (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان،بیوی اور آشنا کو قتل کرنے پر شوہر کو 53 سال قید اور ساڑھے سولہ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی گئی۔ایڈیشنل سیشن جج سید مدثر شاہ ترمذی نے تھانہ چودھوان کی حدود گائوں بھکی میں پچیس سالہ بیوی کو گھر میں بیس سالہ نوجوان کے ساتھ موجود پاکر فائرنگ سے انہیں قتل کرنے کے مقدمہ میں 58 سالہ شوہر اللہ نواز کو مجموعی طور پر دو بارعمر قید بامشقت اور ساڑھے سولہ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کے احکامات جاری کردیئے۔

استغاثہ کی جانب سے سنیئر پبلک پراسکیوٹر محمد شکیل شیخ کے علاوہ غلام حرُبلوچ ایڈووکیٹ اور محمد فہیم ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ چودھوان کی حدود گائوں بھکی 9 جولائی سال 2021 کو58 سالہ مجرم اللہ نواز قوم بلوچ سکنہ بھکی چودھوان نے گھر میں اپنی پچیس سالہ بیوی کو بیس سالہ غیر نوجوان کلیم اللہ کے ساتھ موجود پاکر فائرنگ سے انہیں انتہائی بے رحمی کے ساتھ قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا ۔مجرم کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر واقعہ کے ڈیڑھ سال بعد اسے گرفتار کرلیاگیا۔

مجرم کی نشاندہی پر پولیس نے قریبی جنگل سے آلہ قتل پسٹل برآمد کرلیا ۔ استغاثہ مجرم کے خلاف عدالت میں جرم ثابت کرنے میں کامیاب ہوگیا ۔عدالت نے وکلاءکی بحث اور دلائل مکمل ہونے پر دوافراد کے قتل کو انتہائی سنگین ، معاشرے کے لئے بگاڑ کا سبب بننے اور ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے مجرم اللہ نواز کو دو بار عمر قید اور آٹھ لاکھ روپے فی کس مقتولین کے ورثا کو ادا کرنے جبکہ آلہ قتل برآمد ہونے کے جرم میں اسے تین سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا کے احکامات جاری کردیئے ۔