ڈیرہ اسماعیل خان ۔ 01 نومبر (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر انتظامدینار کینسر ہسپتال میں بریسٹ کینسر سے آگاہی اور شفایاب ہونے والے افراد کے تاثرات کو عوام تک پہنچانے کی غرض سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا ۔ سیمینار میں ڈائریکٹر ڈاکٹر نبیلہ جاوید کی تحریر کردہ کتاب ”آئو لوٹ چلیں زندگی کی طرف“ کی تقریب رونمائی بھی عمل میں لائی گئی۔
دینار کینسر ہسپتال کے آڈیٹوریم میں منعقدہ اس سیمینار کے مہمانان خصوصی وہی افراد تھے جنہوں نے دینار ہسپتال سے کینسر کے مرض کا کامیاب علاج کروایا اور اب وہ ایک صحتمند زندگی گزار رہے ہیں۔ شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات، وکلاء، سوشل ورکرز اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دینار ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نبیلہ جاوید نے ہسپتال کی ایک سالہ کاردگی پیش کی جبکہ اس موقع پر ہسپتال سے شفایاب ہونے والے افراد کے ساتھ ساتھ زیر علاج مریضوں نے بھی شرکائ کے سامنے اپنے تاثرات پیش کئے۔
ان افراد نے دینار ہسپتال کو ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے گرد و نواح کے اضلاع کے لئے ایک نعمت قرار دیا جو کینسر جسے مہلک اور علاج کے لحاظ سے انتہائی مہنگے مرض سے نبردآزما مریضوں کو صحت یاب بنانے میں بے مثال کردار ادا کررہا ہے۔