ڈیرہ اسماعیل خان ۔ 09 جون (اے پی پی):عیدالاضحیٰ کے موقع پر تحصیل درازندہ، بھکر روڈ پر ٹریفک کے مختلف حادثات میں 2سگے بھائیوں ، 1بچے سمیت 9افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 11افراد زخمی ہوگئے۔ تحصیل درازندہ کے گائوں المرکلاں سے آتی ہو ئی کار بے قابو ہوکر گہری کھائی میں گر گئی، حادثہ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار عبد الرحیم شیرانی، انس خان عرف سیلو خان، صدام خان شیرانی اور ایک 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگئے،
جبکہ دو افراد یونس خان اور لاہور خان زخمی ہوگئے، جاں بحق و زخمیوں کا تعلق علاقہ شیرانی خدرزائی گا ؤں بیاران سے بتایا جاتاہے ، جاں بحق افراد میں دو سگے بھائی بھی شامل تھے، زخمیوں و جاں بحق افراد کو درازندہ ہسپتال منتقل کردیا گیا،
دوسرے واقعہ میں پنجاب کے ضلع بھکر میں علاقے اڈہ چھینہ کے قریب تیز رفتار 5موٹر سائیکلوں کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگئے ،
جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے، جن کو فوری طور پر بھکر ہسپتال منتقل کردیا گیا، تیسرے حادثہ میں تھانہ کینٹ کی حدود محکمہ موسمیات روڈ پر موٹرسائیکلوں کے تصادم میں مدینہ کالونی کے رہائشی2نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ دو نوجوان زخمی ہوگئے ، جن کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔