ڈیرہ اسماعیل خان۔۔۔ 24 فروری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جناب یحییٰ آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان کا تاریخی دورہ کیا اور عدلیہ ووکلا برادری کے مسائل کے حل کے عزم کیا۔چیف جسٹس آف پاکستان جناب یحییٰ آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے تاریخی دورے کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں زوم میٹنگ کے ذریعے خطاب کیا۔
انہوں نے اس دورے کو ملک کے دور دراز علاقوں میں انصاف کے نظام کو بہتر بنانے کی کوششوں کا ایک اہم حصہ قرار دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہ پاکستان کے دور دراز اندرون سندھ کوٹکی گوادر ،نادرن ایریا ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کی دور دراز تحصیلوں اور اضلاع کا دورہ کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں، اور ڈیرہ اسماعیل خان کا یہ دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض سید مدثر شاہ ترمزی، ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ اسماعیل خان نے بخوبی انجام دیئے۔
چیف جسٹس نے بتایا کہ ان کے ساتھ لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے نمائندے اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل بھی موجود ہیں، جو ملک بھر میں ججز کے مسائل کے حل اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اعلیٰ عدلیہ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ انصاف کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید انیس بادشاہ بخاری نے چیف جسٹس کو ضلع کی جوڈیشری کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید عتیق علی شاہ، سینئر پیونی جسٹس اعجاز انور، اور جسٹس انعام اللہ خان بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، ڈیرہ، ٹانک، اور جنوبی وزیرستان کی کابینہ کے صدور اور جنرل سیکرٹریز سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس کے بعد انہوں نے ڈسٹرکٹ بار کا دورہ کیا اور سینٹرل جیل ڈیرہ میں قیدیوں کی شکایات اور عدالتی امور کا جائزہ لیا۔
قبل ازیں انہوں نے جوڈیشل کمپلیکس میں قائم کریمنل منیجمنٹ سیل کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس کی کارکردگی کو سراہتے اس سسٹم کو پورے صوبے میں قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔چیف جسٹس کے دورے کو ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے افسران، عملے، اور وکلا برادری نے بہت سراہا ہے۔ وکلا نے اس دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انصاف کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565450