ڈیرہ اسماعیل خان۔ 17 اپریل (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ شہاب علی شاہ اورآئی جی پی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے ضلع لوئر وزیرستان کا ایک روزہ دورہ کیا ۔آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وانا پہنچنے پر پولیس لائن میں ڈی پی او وزیرستان لوئر آصف بہادر خان نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی پی نے جنوبی ضلع لوئر وزیرستان میں دہشت گردی کے واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس حکام کو امن و امان کی بحالی اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقداما ت اٹھانے اور تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پہلی ترجیح ہے جس کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی پی ذوالفقارحمید نے ضلع جنوبی وزیرستان پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ امن کے قیام کیلئے پختونخواہ پولیس کی لازوال قربانیاں کسی صورت رائیگا ں نہیں جانے دی جائیں گی ۔
جس مقصد کیلئے ہمارے جوانوں نے قربانیاں پیش کیں اسے حاصل کرنے کیلئے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کو مزید بہتر بنانے اور پولیس کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے نئے تھانے اور چوکیات کے قیام کا کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید موثر بنائیں۔عوام کے بھرپور تعاون اور اعتماد کے ساتھ ہی امن کے قیام اور جرائم کا خاتمہ ممکن ہے۔
بعدازاں آئی جی پی نے چیف سیکرٹری کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزہسپتال وانا، سٹی پولیس اسٹیشن و مختلف سیکورٹی تنصیبات کا معائنہ کیا اور متعلقہ پولیس حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ چیف سیکرٹری اورآئی جی پی نے وانا کے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات ، علاقہ عمائدین اور مشران سے بھی ملاقات کی اورامن و امان کے قیام ،تعلیم اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے بارے میں تفصیلی گفتگوکی۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں ڈی پی او آفس جنوبی وزیرستان لوئرمیں پودابھی لگایا۔