ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

135
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔21مارچ (اے پی پی):خیبر پختونخواکے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 20ء21مارچ کی درمیان رات دہشت گردوں نے ضلع ڈی آئی خان کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو بند کر دیا۔

فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں گھیرے میں لے لیا گیا ۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار محمد اظہر اقبال (عمر 42 سال سکنہ لودھراں)، نائیک محمد اسد (عمر 34 سال سکنہ خانیوال) اور سپاہی محمد عیسیٰ (عمر 22 سال سکنہ جنوبی وزیرستان) نے بہادری سے شہادت کو گلے لگا لیا۔

علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئر نس آپریشن جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں ۔