ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر 20 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی شاندار تقریب کا اہتمام، ڈپٹی کمشنر سارہ رحمان کی نئے جوڑوں کو مبارکباد و نیک خواہشات کا اظہار

73

ڈیرہ اسماعیل خان ۔26فروری (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر 20 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی شاندار تقریب کا اہتمام۔ صوبائی حکومت کی جانب تقریب کے اخراجات کے ساتھ ساتھ ہر دلہن کو دو لاکھ روپے سلامی دی گئی۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر محکمہ عشر و زکواة کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلی بار سرکاری سطح پر یتیم، نادر اور مستحق بچیوں کی اجتماعی شادی کی شاندار تقریب کا اہتمام مقامی میرج ہال میں کیا۔

شادی کی اس اجتماعی تقریب میں 20 جوڑے شادی کے بندھن میں باندھ گئے۔ اجتماعی شادیوں کے بندہن کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمان، تحصیل میئر عمر امین گنڈاپور، اہلیہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ، اسسٹنٹ کمشنر فصیح عباسی، چیئرمین ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کمیٹی عامر پیرزادہ سمیت نوبیاہتا جوڑوں کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سارہ رحمان نے نئے جوڑوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی زندگیوں میں خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کی آئندہ بھی مدد جاری رکھے گی۔اس موقع پر تحصیل میئر عمر امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان کے فلاحی وژن کے تحت خیبر پختونخوا میں اجتماعی شادیوں کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اجتماعی شادیوں کی پُررونق تقریب میں تحصیل میئر ڈیرہ اسماعیل کیپٹن (ریٹائرڈ) عمر امین گنڈاپور، فوکل پرسن نواز خان اعوان، صوبائی حکومت کے نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان نے نئے شادی شدہ جوڑوں کو جہیز کے ساتھ ساتھ 2، 2 لاکھ روپے کا چیک بطور سلامی دیا گیا اور نئے شادی شدہ جوڑوں کو دعاوں دیں۔ واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر محکمہ زکوٰة و عشر کے زیرِ اہتمام صوبے بھر میں 4,000 سے زائد اجتماعی شادیاں منعقد کی جا رہی ہیں جس کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں 20 جوڑوں کی شادیوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔\