ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے ضلع بھر سے ضبط شدہ کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کو عدالتی حکم کے تحت تلف کر دیا

3

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ 26 جون (اے پی پی):عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے ضلع بھر سے ضبط شدہ کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کو عدالتی حکم کے تحت تلف کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد احمد صاحبزادہ کی ہدایت پر اعجاز شہید پولیس لائن میں منشیات تلفی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علاقہ مجسٹریٹ، ایس پی سٹی علی حمزہ، ڈی ایس پی لیگل محمد عمران کنڈی، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر چن شاہ اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ تلف کی گئی منشیات میں چرس، آئس ،ہیروئن، افیون ،بھنگ اورشراب کی بوتلیں شامل تھیں۔ایس پی سٹی علی حمزہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "منشیات معاشرے کے لیے ایک زہر ہے، جو نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے، ہمیں نشے سے نفرت کرنی چاہیے، نہ کہ نشے کے عادی افراد سے۔ پولیس عوام کے تعاون سے منشیات کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف آگاہی پھیلانے اور مشتبہ افراد کی اطلاع دینے میں پولیس کا ساتھ دیں۔ رپورٹ کے مطابق،یہ کارروائی ضلع بھر کے مختلف تھانوں کی جانب سے گزشتہ ماہ کی گئی پکڑ دھکڑ کا نتیجہ تھی۔ پولیس کے مطابق، منشیات کی اسمگلنگ اور استعمال کے خلاف مزید سخت اقدامات جاری رہیں گے۔