ڈیرہ غازی خان۔ 26 فروری (اے پی پی):ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہریوں کی تفریح کے لیے ڈیرہ غازیخان میں جشن بہاراں کے پروگرامز یکم مارچ سے شروع ہوں گے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں رضوان نذیر نےکی۔ ۔
اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے قدسیہ ناز نے پروگرامز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں رضوان نذیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں جشن بہاراں پرجوش انداز میں منایا جائیگا کیونکہ ہمارے خطہ میں موسم بہار خوشیوں کا باعث ہوتا ہے اور جشن بہاراں میں ڈیرہ غازیخان کے شہریوں کو تفریحی مواقع میسر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کیلئے جھولوں،نوجوانوں کیلئے کھیلوں،فیمیلیز کیلئے محفل موسیقی کا اہتمام ہوگا اور جشن بہاراں کے پروگراموں میں جدت کیلئے تجاویز پر غور کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی پسند کو ملحوظ خاطر رکھ کر پروگرامز تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مصطفی سیہڑ،ڈی جی پی ایچ اے قدسیہ ناز،سی ڈی او رب نواز،ڈی ای او احمد کمال،ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالقرنین حیدر،ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل،عمر فاروق،افسر شاہ، سیف اللہ سیرانی ودیگر افسران موجود تھے۔