ڈیرہ غازی خان ۔ 24 مارچ (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان پولیس نے سرحدی تھانہ وہوا کی جھنگی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا بڑا حملہ پسپا کر دیا۔ترجمان پولیس کے مطابق خوارجی دہشت گردوں نے تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر ایک بار پھر حملے کی کوشش کی ، 20 سے 25 دہشت گردوں نے مختلف اطراف سے حملہ کیا۔دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز سمیت جدید خودکار اسلحہ کا استعمال کیا۔
چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے الرٹ اہلکاروں نے زبردست مزاحمت کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی اور حملہ ناکام بنا دیا ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد حسن خان اورڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کے مطابق مفرور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جھنگی پولیس چیک پوسٹ مزید محفوظ بنائی جا چکی ہے اور چوکی پر اضافی نفری، جدید آلات اور اسلحہ پہلے سے فراہم کیا گیا ہے۔انہوں کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپاہی ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔