ڈیرہ غازی خان ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 399 افراد گرفتار کر لیے گئے جبکہ 43 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں گزشتہ 16 دنوں کے دوران 21 مقدمات درج کرکے 399 ناجائز منافع خور گرفتار اور 43 لاکھ 27 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے یکم سے 16 اکتوبر تک چاروں اضلاع میں مارکیٹوں کے 44056 معائنے کئے اور 3906 مقامات پر پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 21 کاروباری مراکز سربمہر کئے گئے۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پرائس کنٹرول ایکٹ اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان،
ڈپٹی کمشنرز ،ڈی پی اوز اور دیگر افسران شریک تھے۔اس موقع پر کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ سبزی منڈیوں میں ہر نیلامی مانیٹر کی جائے اور دکاندار سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں، ناجائز منافع خوری برداشت نہیں ہوگی۔اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر فوری مقدمات درج کئے جائیں جا رہے ہیں اور قانون پر عملدرآمد کےلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔