ڈیرہ غازی خان ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، کریانہ،مصالحہ جات اور بیکری مالکان کو جرمانے

72
Punjab Food Authority

ڈیرہ غازی خان۔ 28 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پرکریانہ،مصالحہ جات اور بیکری مالکان کوجرمانے عائد کر دئیے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت پر عوام تک معیاری خوراک پہنچانے کا مشن جاری ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کوٹ چٹھہ ڈی جی خان میں دو کریانہ سٹورز کو ایکسپائرڈ اشیاء،ممنوعہ چائنہ نمک کی فروخت کرنے پر 30 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔

اسی طرح خائبان ممتاز ڈی جی خان میں گرائنڈنگ یونٹ کو اشیاء کی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ واضح نہ کرنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔اس کے علاوہ جتوئی روڈ مظفرگڑھ میں ملک شاپ کو غیر معیاری دودھ فروخت کرنے پر 20 ہزار جبکہ محلہ مسلم کالونی میں واقع مینوفیکچرنگ یونٹ کو ناقابلِ سراغ نمک رکھنے پر 15 ہزار اور ایم ایم روڈ کوٹ ادو مظفرگڑھ میں ہوٹل کو کھانوں کی تیاری میں کھلے،ملاوٹی مصالحوں کا استعمال کرنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔مزید چوبارہ روڈ لیہ میں ڈرنک کارنر کو سٹوریج ایریا میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہاکہ عوام خوراک کے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔