ڈیرہ غازی خان ۔ 23 مئی (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں سپیشل بچوں کیلئے 12 مئی سے جاری ہیلتھ سکریننگ اور ٹریٹمنٹ کیمپ اختتام پذیر ہو گیا۔ 10 روزہ کیمپ میں 750 خصوصی بچوں کا طبی معائنہ اور علاج کیا گیا جن میں متاثرہ بصارت، سماعت، جسمانی معذوری، سلو لرنرز اور ذہنی معذور بچے شامل تھے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن نے کیمپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سپیشل ایجوکیشن محمد یسین،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ثناء اللہ، پرنسپل و فوکل پرسن برائے سکریننگ پروگرام حسیب اسلم
پرنسپل ڈگری کالج سپیشل ایجوکیشن رحمن افضل اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن موجود تھے۔ کیمپ میں ماہرین ناک، کان، گلا، نفسیات، جنرل فزیشن، دندان سازی، سپیچ تھراپی اور آنکھوں کے ڈاکٹروں نے بچوں کا معائنہ کیا، ابتدائی طبی امداد دی، مفت ادویات فراہم کیں اور کئی بچوں کو مزید علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں بھی ریفر کیا گیا۔اس کے علاوہ بچوں کو ضروری آلات جیسے عینک، آلہ سماعت، اور الیکٹرک وہیل چیئرز کی فراہمی کے لیے سفارشات مرتب کی گئیں۔ کیمپ میں سپیشل ایجوکیشن ادارہ جات ڈیرہ غازی خان، کوٹ چھٹہ اور تونسہ شریف کے بچوں کو شامل کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600814