ڈیرہ غازی خان۔ 20 مارچ (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں غیر معیاری آٹا کی فراہمی پر دو فلور ملز کو ایک ماہ کے لئے سربمہر کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران موجود تھے۔
اس موقع پر کمشنر کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے رمضان نگہبان پیکج کے تحت 18 مارچ تک پانچ لاکھ 26 ہزار 744 رمضان بیگز نادار خاندانوں کو ان کے گھروں کی دہلیز تک پہنچا دئیے گئے ہیں اور معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے کڑی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں رمضان نگہبان پیکج کے لئے غیر معیاری آٹا کی فراہمی پر دو فلور ملز کو ایک ایک ماہ کے لئے سیل کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سید ایوب بخاری اور ڈی ایف سی ممتاز احمد نے چیکنگ کے دوران آٹا میں زیادہ نمی پر سلطان اور خلیل فلور ملز کو موقع پر سیل کر دیا اور آٹا کے نمونے مزید تجزیہ کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بھجوا دیئے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ آٹا سمیت رمضان پیکج کی اشیاء کے معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔