ڈیرہ غازی خان ۔ 27 اگست (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفس ڈیرہ غازی خان کی جانب سے حالیہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر ضلعی سطح پر بھرپور حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کیپٹن (ر) طارق ولایت کی ہدایت پر پولیس فورس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود ہیں اور ممکنہ متاثرہ علاقوں کا تفصیلی سروے جاری ہے۔عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اہلکار مختلف مقامات پر لاؤڈ اسپیکر اعلانات کے ذریعے شہریوں کو محتاط رہنے، محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کرنے کی ہدایات دے رہے ہیں۔
اس حوالے سے ڈیرہ غازی خان پولیس، ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری امداد و ریسکیو فراہم کیا جا سکے۔ڈی پی او عوام سے اپیل کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 یا ڈسٹرکٹ پولیس کے فون نمبر 0649260113 پر اطلاع دیں، آپ کی بروقت اطلاع قیمتی جانوں کے تحفظ کا ذریعہ بن سکتی ہے۔