ڈیرہ غازی خان میں ٹرانسپورٹ اور اڈوں کی صورتحال کی بہتری کے لئے کمشنر کی زیرصدارت اجلاس

192
ڈیرہ غازی خان میں ٹرانسپورٹ اور اڈوں کی صورتحال کی بہتری کے لئے کمشنر کی زیرصدارت اجلاس

ڈیرہ غازی خان ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کی طرف سے ویگن،بس اڈوں کی تزئین و آرائش اور سہولیات کی بہتری کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔اس حوالے سے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک، ایڈیشنل کمشنر کریم بخش اوردیگر افسران موجود تھے۔

اس موقع کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے تمام بس اڈوں پر مناسب پارکنگ یقینی بنائی جائے اور کسی بھی بس یا ویگن کو اڈے سے باہر کھڑے ہونے، ٹریفک بلاک کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ بس اڈوں پر سائن بورڈ، کرایہ نامہ واضح آویزاں، کیمرے انسٹال کئے جائیں۔ کمشنر نے کہاکہ تمام بس اڈوں پر مسافروں کیلئے رہنمائی ڈیسک قائم کیا جائے۔موبائل کمپنیوں سے بس اڈوں پر موبائل چارجنگ بوتھ بنانے بارے بات کی جائے۔

ڈاکٹر ناصر محمود بشیرنے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بس اڈوں کی از خود جانچ پڑتال کے احکامات بھی جاری کیے۔انہوں نے کہاکہ سیکرٹری آرٹی اے روزانہ کی بنیادوں پر اپنے اضلاع کے بس اور ویگن اڈوں کا دورہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

بس اور ویگن اڈوں پر وہیل چیئرز استعمال کرنے والے افراد کیلئے ریمپ بھی بنائے جائیں اور پینے کے صاف پانی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقنی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بس اڈوں،ویگن سٹینڈز پر وائٹ واش کروایا جائے اور اڈوں پر قائم ٹک شاپس پر پرائس لسٹ آویزاوں کی جائیں۔