ڈیرہ غازی خان ۔ 23 مئی (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں تھانہ گدائی پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی دو بڑی وارداتوں کو ٹریس کر کے 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم برآمد کر لی، دونوں وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، پہلی واردات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایک ملازم سے 15 لاکھ روپے کی نقدی چھینی گئی تھی۔ پولیس نے فورٹ منرو میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا اور رقم برآمد کی۔
دوسری واردات 22 مئی کو باکھری کالونی میں پیش آئی، جہاں دو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ایک شہری سے 35 لاکھ روپے اسلحہ کے زور پر چھین لیے تھے۔ تھانہ گدائی پولیس نے جدید تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے اس واردات کو بھی کامیابی سے حل کر لیا۔اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے دونوں مقدمات میں برآمد شدہ رقم متاثرین کے حوالے کی اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر وقت تیار ہے۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے بھی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی رانا اقبال، ایس ایچ او کرم الٰہی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600818