ڈیرہ غازی خان میں پٹرول کی مصنوعی قلت ختم کرنے کے لیے انتظامیہ نے پٹرول پمپس کی چیکنگ شروع کر دی

294
پٹرول کی مصنوعی قلت ختم

ڈیرہ غازی خان۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں پٹرول کی مصنوعی قلت ختم کرنے کے لیے انتظامیہ نے پٹرول پمپس کی چیکنگ شروع کر دی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ شہر کے پٹرول پمپوں پر تیل کی فروخت جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ پمپس پر سٹاک کو یقینی بنانے کیلئے متحرک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان غنی نے میری ہدایت پر شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کے دورے کئے اورپٹرول کا سٹاک اور سیل چیک کی۔اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان غنی کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازیخان شہر میں پیٹرول کی کوئی شارٹیج نہیں ہے،ضلعی انتظامیہ پیٹرولیم مصنوعات کے سٹاک پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کسی طور بھی بند نہیں کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹاک آرڈر آنے پر پیٹرولیم مصنوعات کی سیل میں مزید بہتری آئے گی،جن پمپس پر پٹرول میسر نہیں ان کی سپلائی آنے پر سیل بھی شروع کرا دی جائے گی۔عثمان غنی نے کہا کہ پٹرول کی سیل روکنے کی اطلاع میں کوئی صداقت نہیں ہے اور قلت پیدا کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔