ڈیرہ غازی خان میں کمسن اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

174
drivers

ڈیرہ غازی خان۔ 20 جولائی (اے پی پی):ڈیرہ غازیخان میں کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف ٹریفک پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک امتیاز احمد چنگوانی کی زیر نگرانی کم عمر و بغیر لائسنس ڈرائیورز اور بلا نمبر موٹر سائیکلز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی ٹریفک نے کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی و موٹر سائیکل چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، کم عمر بچوں کو گاڑی و موٹرسائیکل دینے والے بھی برابر کے قصور وار ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں برس کریک ڈاؤن کے دوران اب تک بغیر لائسنس 9860 ڈرائیوروں کے چالان جبکہ 2728 موٹر سائیکل بند کیے گئے اسی طرح اوور لوڈنگ کرنے پر 7712 ڈرائیوروں کے چالان کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کریک ڈاؤن کے دوران 3343 بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل بند کیے گئے جو کہ نمبر لگوانے کے بعد چھوڑے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے حادثات کی شرح میں کمی اور محفوظ سفر کو یقینی بنا یا جا سکتا ہے۔