ڈیرہ غازی خان۔ 23 دسمبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں یکم جنوری سے ای رجسٹری کا آغاز کر دیا جائے گا۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ،عثمان علی، منور عباس،ایڈیشنل کمشنر ریونیو فخر الاسلام ڈوگر،اے ڈی سی آر اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےکمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 31 دسمبر کے بعد مینول رجسٹری بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت نئے سال سے سو فیصد ای۔رجسٹری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تمام مواضعات کو آن لائن کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے اور جان بوجھ کر انتقالات اور دیگر ریونیو دستاویزات غائب کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیز کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں 338 پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیز کی رپورٹ پیش کی گئی ہے جن میں سے صرف 64 ہاؤسنگ کالونیز منظور،88 کی منظوری کا پراسس جاری اور 68 کوغیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیز میں رجسٹری انتقالات بند کرنے کیلئے ریونیو ریکارڈ میں ریڈ انٹری کی جائے اور ڈویژن میں 100 فیصد سرکاری واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز کی اپ گریڈیشن،سب رجسٹرار آفسز کی ری وائمپنگ ہوگی اور اے ڈی پی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جلد ورکنگ آرڈر جاری کئے جائیں۔کمشنر نےکہا کہ سرکاری رقبہ کی شفاف نیلامی اور لیزز کیلئے ڈپٹی کمشنرز خود نگرانی کریں۔