ڈیرہ غازی خان۔ 23 نومبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان پولیس نے سمگلروں کے خلاف کارروائی کے دوران 1900لیٹر ایرانی ڈیزل،نان کسٹم پیڈ سپیئر پارٹس اور انورٹر برآمد کرکے کسٹم حکام کے حوالے کر دئیے۔
تفضیلات کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ غازی خان احمد محی الدین کی ہدایت پر سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران پوسٹ سخی سرور پولیس نے بلوچستان سے صوبہ پنجاب ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ کو ناکام بنا کر 1900 لیٹر ایرانی ڈیزل،لاکھوں روپے مالیت کے 12کارٹن سپیئر پارٹس اور 14 انورٹرز قبضہ میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد کسٹم حکام کے حوالہ کر دیئے۔
اس حوالے سے انچارج چیک پوسٹ سخی سرور فرہاد نے کہا کہ نان کسٹم سامان سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور نان کسٹم سامان سمگلنگ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مزید سیکورٹی کے پیش نظر چیک پوسٹ سخی سرور پولیس نے چیکنگ کے سسٹم کو مربوط کیا ہوا ہے ، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام اور تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔