ڈیرہ غازی خان۔ 26 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں تھانہ شاہ صدردین پولیس نے اندھے قتل کا معاملہ حل کرتے ہوئے ملزمان گرفتار کر لیے۔ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق تھانہ شاہ صدردین پولیس نے جدید سائنسی تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے اندھے قتل کے ایک پیچیدہ معمہ کو حل کر لیا۔اس حوالے سے دو ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں، جن میں سے ایک مقتول کا سگا چچا بھی شامل ہے۔گزشتہ دنوں کم عمر لڑکے کی لاش پل ڈٹے والی کے قریب پانی سے برآمد ہوئی تھی جس پر پولیس ٹیم نے جدید ڈیجیٹل اور سائنسی طریقۂ کار اختیار کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس نے مسلسل محنت کے بعد اس المناک قتل کے اصل ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔اس حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے کیس کی کامیاب تفتیش پر ایس پی بختیار احمد خان، ڈی ایس پی صدر حماد نبی، ایس ایچ او شاہ صدردین احسان الحق اور تفتیشی افسر سب انسپکٹر منیر کی شاندار کاوشوں کو سراہا۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے سنگین جرائم کا اعادہ نہ ہو، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔
ڈیرہ غازی خان پولیس عوام کو انصاف کی فراہمی اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی ہماری اصل کامیابی ہے اور ہم اسی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔لواحقین نے ڈیرہ غازی خان پولیس کی اس کامیابی پر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کا شکریہ ادا کیا۔