ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کے قیام،بجلی چوری،ایرانی تیل اور دیگر ممنوعہ اشیا کی سمکلنگ روکنے کےلئے کارروائیاں جاری

151
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

ڈیرہ غازی خان۔ 10 نومبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کے قیام،بجلی چوری،ایرانی تیل اور دیگر ممنوعہ اشیا کی سمکلنگ روکنے کےلئے انتظامیہ کی طرف سے کارروائیاں جاری ہیں۔وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پراجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر منعقد ہوا۔اجلاس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان ،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈی پی او احمد محی الدین اور دیگر افسران موجود تھے ۔

کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں ایرانی تیل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کےلئے اداروں نے ابتک 8لاکھ 10ہزار 600 لیٹر ڈیزل و پٹرول تحویل میں لے لیا اور 79 مقدمات درج کرکے 123افراد کو گرفتار کرنے کے ساتھ 201گاڑیاں بھی قبضے میں لی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل سمیت دیگر ممنوعہ سامان کی سمگلنگ روکنے کیلئے چیک پوسٹوں و دیگر داخلی خارجی راستوں کو سیل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمگلنگ ملکی معیشت کو کھوکھلا کر رہی ہے اس کاخاتمہ وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں شہریوں سے اپیل کروں گا وہ سمگلنگ میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں ۔کمشنر نے کہا کہ دو ماہ کے دوران 2567 بجلی چور گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات کا اندراج یقینی بنایا گیا ہےاور 10کروڑ 2لاکھ روپے سے زائد رقم جرمانوں کی مد میں وصول کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ7ستمبر سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 3676گھریلو، 71کمرشل، 13زرعی اور آٹھ صنعتی مقامات پر بجلی چوری بھی پکڑی گئی ہے۔اس موقع پر آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل درآمد کرایا جائے گا اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔اجلاس میں دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کی گئیں۔