ڈیرہ غازی خان۔ 18 فروری (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں انسداد تجاوزات مہم کو رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عارضی اور پختہ تعمیرات مسمار کرکے دوسرے مرحلے میں مارکیٹوں اور بازاروں کو سنوارا جائے گا۔
اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔کمشنر نے کہا کہ تجاوزات نے شہر اور مارکیٹوں کا حسن ماند کردیا ہے لہٰذا تجاوزات ختم کرکے ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں گے جس سے مارکیٹوں میں روزگار کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر چھوٹے گاؤں تک پہنچا جائے گا اور دیہی علاقوں میں شہر کے مساوی صفائی یقینی بنائی جائے گی۔کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ ماہ صیام کے دوران ماڈل بازار،سہولت بازار اور ضرورت کے مطابق اہم بازاروں میں چینی اور دیگر اشیاکے سٹالز لگیں گے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد،ایڈیشنل کمشنر سید نوید عالم،اے ڈی سی جی قدسیہ ناز،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،اے سی صدر تیمور عثمان،ڈی او انڈسٹریز اصغر صدیقی،چیف آفیسرز جواد الحسن گوندل،محمد شفیق،لوکل گورنمنٹ کے محمد احمد،ڈی بی اے شہزاد قدیر اور دیگر افسران شریک تھے۔