ڈیرہ غازی خان۔ 29 اگست (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں شرح خواندگی میں اضافے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو یکم ستمبر شروع ہو کر8ستمبر کو خواندگی کے عالمی دن تک جاری رہے گی۔ اس حوالے سے ڈیرہ غازی خان میں محکمہ لٹریسی حکومت پنجاب کی طرف سے ہفتہ بھر تقریبات کے انعقاد کیا جائے گا۔
ڈسڑکٹ لٹریسی آفیسر ڈیرہ غازی خان یونس علی نے بتایا کہ یکم سے4 ستمبر کے دوران لٹریسی ڈے کی مناسبت سے بچوں میں مصوری کے مقابلہ جات ”بعنوان میرے مستقبل کے خواب”منعقد ہونگے اور سالانہ کارکردگی پر بیسٹ لٹریسی ٹیچرز کو انعامات دیئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر کی طرح ڈیرہ غازی خان ضلع کی تینوں تحصیلوں میں سیمینارز اور آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا جائے گا اور اس آگاہی مہم کا مقصد معاشرے میں خواندگی کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا محکمہ لٹریسی شرح خواندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور ہم والدین سے امید رکھتے ہیں وہ اپنے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ہر بچہ اور بچی زیور تعلیم سے آراستہ ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383903