ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مارکیٹوں میں موجود رہنے کا پابند کردیا گیا

120
Dera Ghazi Khan

ڈیرہ غازی خان۔ 18 مارچ (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مارکیٹوں میں موجود رہنے کا پابند کردیا گیا ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے افسران سے مختلف امور پر بریفنگ لی۔

کمشنر نے کہا کہ رواں ماہ کے دوران مارکیٹوں کے108,611معائنے کئے گئے اور 9,824 مقامات پر پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پائی گئی جس پر 7,511,500روہے جرمانہ،263 مقدمات درج کرکے 814 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران 91 کاروباری مراکز بھی سربمہر کئے گئے اور رپورٹ کے مطابق 17 مارچ تک 458,406 نگہبان رمضان پیکج 2,485,568شہریوں کے گھروں تک پہنچایا گیا۔

کمشنرنے وال چاکنگ پر مقدمات کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ دیواروں پر تحریر نام، نمبرز اور دیگر معلومات لیکر مقدمات کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف بھی بلا امتیاز آپریشن ہوگا اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے سپیشل انیشیٹوز پر عملدرآمد کرایا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں 303 واٹر فلٹریشن پلانٹس فنکشنل کردئیے گئے ہیں،رابطہ سڑکوں کی تعمیر،مرمت و بحالی شروع کردی گئی ہے اور تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کو آمدورفت کےلئے بہتر کیا جائیگا۔