ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ،سب انسپکٹر شہید،ایک ڈاکوہلاک

263
ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ،سب انسپکٹر شہید،ایک ڈاکوہلاک

ڈیرہ غازی خان۔ 11 نومبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے شادن میں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں سب انسپکٹر شہید اورتین اہلکار زخمی ہو گئےجبکہ ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے تھانہ کالا کی حدود میں واقع قصبہ شادن لنڈ میں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان کافی دیر تک مقابلہ جاری رہا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ غازی خان احمد محی الدین موقع پر پہنچے، مقابلے کے دوران سب انسپکٹر رضوان محبوب شہید جبکہ اے ایس آئی ایم اقبال، ہیڈکانسٹیبل طاہر سعید اور مظہرزخمی ہو گئے جبکہ ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا،

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ فرار ہونے والے ڈاکوئوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور پولیس انہیں جلد گرفتار کر لے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور جرائم کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت کا عمل جاری ہے۔