ڈیرہ مرادجمالی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ ،جعفرایکسپریس کی پانچ بوگیاں الٹنے سے ماں اور بیٹی سمیت چار افراد جاںبحق ،بارہ زخمی ہوگئے

157

ڈیرہ مرادجمالی۔ 16مارچ (اے پی پی)ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفرایکسپریس کی 5 بوگیاں الٹ گئیں،واقعے میں ماں بیٹی سمیت4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ مرادجمالی کے قریب ربی کینال کے مقام پر ریلوے ٹریک پرتخریب کاروں نے اس وقت دھماکہ کیاجب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس گزر رہی تھی،تخریب کاروں نے بارودی مواد سے دھماکہ کیا جس سے جعفرایکسپریس کی 5 بوگیاں الٹ گئیں، دھماکے سے خاتون نوربانو اوراس کی بیٹی سعدیہ بی بی ،طاہر اورشہزاد خان سمیت 4 افراد جاںبحق اورمحمد جاوید،گلاب خان،علی اصغر،سلیمان شاہ،دیدارعلی شاہ اور سائرہ بی بی سمیت 12 افرادزخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اورزخمیوں کو فوری طور پر ڈیرہ مرادجمالی ہسپتال پہنچادیا جہاں پر طبی امداد کے بعد زخمیوں کو لاڑکانہ اور سکھر کے ہسپتالوں میں ریفر کردیاگیا ۔جاںبحق اور زخمی افراد کا تعلق پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں بہاولپور،گجرانوالہ ،کوئٹہ اور ڈیرہ اللہ یار سے بتایا جارہا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کوایمبولینس کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں کوبھجوایا دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی پولیس راومنیرضیاءنے واقعے کے حوالے سے بتایاکہ 4 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو ئے ہیں جبکہ جعفرایکسپریس کی 5 بوگیاں بھی الٹ گئی ہیں۔ علاقے کی مکمل ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔بی ڈی ٹیم کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیاگیا جس میں 10 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیاگیاتھا،دھماکے سے 255 فٹ ریلوے ٹریک کوبھی نقصان پہنچاہے۔ بم دھماکے کی اطلاع ملنے پر صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی، ڈی آئی جی نصیرآباد راومنیرضیاء اور ڈپٹی کمشنر نصیرآباد قربان علی مگسی سول ہسپتال پہنچ گئے جہاں انھوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور جاں بحق ہونے والوں کے ورثاءکوہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔