ڈیرہ مراد جمالی۔ 17 فروری (اے پی پی):ضلع نصیر آباد میں سال 2022 کے سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ افراد میں ورلڈ بینک کے تعاون سے اسلامک ریلیف کی زیر نگرانی متاثرین کی مالی امداد کے لیے اجلاس اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر چھتر خادم حسین کھوسہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد سلیم ڈومکی اسلامک ریلیف کے سینیئر پروجیکٹ افیسر عبدالصمد کورار اجیت کمار اور بابو زاہد سامت سمیت دیگر افراد اجلاس میں شریک تھے ۔
اجلاس کے موقع پر مختلف تجاویز لائی گئی جبکہ اسلامک ریلیف کے سینیئر پروجیکٹ افیسر عبدالصمد کورار نے متاثرہ افراد کی مالی امداد کی فراہمی کے حوالے سے تفصیل سے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کی فراہمی میں جو مسائل درپیش آرہے ہیں ان کا تدارک کرنا انتہائی ضروری عمل ہے،
ضلع انتظامیہ کی کوشش ہوگی کہ ڈیرہ مراد جمالی سٹی میں مالکانہ حقوق نہ ہونے کی وجہ سے متاثرین کی امداد کی فراہمی میں جو مشکلات درپیش آرہی ہیں اس حوالے سے ضلع انتظامیہ بہتر حکمت عملی کے تحت اسلامک ریلیف کے ساتھ اپنی معاونت کو یقینی بنا رہی ہے اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں پٹواری اور متعلقہ کونسلر سمیت دیگر افراد پر مشتمل ہوگی۔
اسلامک ریلیف متاثرین کی لسٹ فراہم کرے تاکہ اسے مد نظر رکھ کر اقدامات کیے جائیں گے اونر شپ سمیت دیگر امور پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ کمیٹی تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی اصل مالکان اور کرایہ دار کی شناخت کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے گا کمیٹی اپنی تمام تر سفارشات مرتب کر کے رپورٹ ارسال کرے گی۔